پٹنہ، 19/مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی کانگریس اتحاد کی کراری شکست اور بی جے پی کی جیت کے بعد سے بہار میں بھی لفظی جنگ تیزہو گئی ہے۔اسمبلی سے لے کر سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ اور ٹوئٹر تک پر برسراقتدار اور اپوزیشن کے لیڈران ایک دوسرے پر طنز کستے نظر آ رہے ہیں، خاص طورپر آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور بی جے پی لیڈر سشیل مودی ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ تیور اپنائے ہوئے ہیں۔اس سلسلہ میں اتوار کو ٹوئٹر پر نیا سوال کرتے ہوئے سشیل مودی نے لکھا، لالو پرساد یوگی کے وزیر اعلی بننے سے اتنے صدمے میں ہیں کہ کیا گالی دیں،سمجھ میں نہیں آ رہا ہے، مودی کا یہ ٹوئٹ دوپہر میں ایک بج کر 57منٹ پر آیا۔مودی کے ٹوئٹ کا لالو نے بھی اپنے انداز میں جواب دیا۔لالو پرساد نے سشیل مودی کو جواب دیتے ہوئے 2بج کر 29منٹ پر ٹوئٹ کیا، تم بھی کان چھدوا لو، سر چھلوا لو، بھیس بدل لو، شاید تمہارا کچھ بھلا ہو جائے، زیادہ دکھی مت ہونا، یہ لوگ تمہیں حلف برداری میں بھی نہیں بلائیں گے۔واضح ہو کہ اس سے پہلے بھی دونوں لیڈروں کے درمیان ٹوئٹر وار کا دورچل چکا ہے۔